کیا آپ نے بینظیر موبائل سم حاصل کرلی ہے ؟ خواتین کے لیے اہم الرٹ جاری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کے لیے اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفت “بینظیر موبائل سم” حاصل کرنے کی آخری تاریخ میں 30 جون تک کی توسیع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والی مستحق خواتین کے لیے حکومت کی جانب سے اہم پیغام جاری کیا گیا۔

حکام کے مطابق، مستقبل میں بی آئی ایس پی کے تحت ملنے والے تمام وظائف کی ادائیگی اب خصوصی طور پر “بینظیر موبائل سم” پر قائم کردہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

حکام نے مستحق خواتین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مفت “بینظیر موبائل سم” حاصل کرنے کی آخری تاریخ میں 30 جون تک کی توسیع کر دی ہے۔

ایسی تمام خواتین جنہوں نے ابھی تک اپنی مخصوص بینظیر موبائل سم حاصل نہیں کی، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اصل قومی شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون کے ساتھ قریبی دفتر تشریف لے جائیں اور اپنی مفت سم حاصل کریں۔

حکام کا کہنا تھا کہ سم حاصل کرنے کے ٹھیک 5 دن بعد، مستحق خواتین متعلقہ بینک کے قریبی ریٹیلر (دکاندار) کے پاس جا کر اپنے ڈیجیٹل والٹ کو لازمی ایکٹیویٹ کروائیں تاکہ انہیں مستقبل میں رقم کی وصولی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس کے علاوہ، وہ خواتین جو پہلے ہی اپنی بینظیر سم حاصل کر چکی ہیں، انہیں بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل والٹ کو فوری فعال کروائیں تاکہ ان کے آنے والے وظائف کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ یا تعطل پیدا نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close