اسلام آباد: قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پارلیمان کو مضبوط بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایسا کریں تو ملک کے سب سے طاقتور وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی اور مضبوطی پاکستان کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کو بااختیار بنائیں، ہم آپ کی مکمل حمایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک خطے کا نام نہیں بلکہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور دیگر تمام اکائیوں پر مشتمل ایک وفاق ہے، جس کے تمام علاقوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ آزاد کشمیر میں ایک وفد بھیجیں تاکہ وہاں کے عوام اور قیادت سے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی، سیاسی مکالمے اور مضبوط پارلیمانی نظام کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






