راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لے کر وفاداری تبدیل کرنا کھلی دھوکا دہی ہے۔
اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبے سے جو رقوم طلب کی ہیں، اس معاملے کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کیا گیا ہے، اور ان کی مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ صوبے نے وفاق کو رقم دینی ہے یا نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبوں سے قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے بھی رقوم مانگی جا رہی ہیں، جبکہ صوبوں کو اپنے وسائل سے یہ بوجھ برداشت کرنے پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ سے ملاقات کا موضوع صرف فاٹا سے متعلق امور تھا، اور اس کے علاوہ کسی دوسرے معاملے پر بات نہیں ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر خیبر پختونخوا کا بجٹ منظور نہ ہوتا تو صوبے کا نظام متاثر ہو جاتا، اسی لیے بالآخر پورے سال کا بجٹ منظور کیا گیا۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کے خلاف پارٹی کارروائی کرے گی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر بھی مشاورت جاری ہے اور وہاں پیش آنے والے واقعات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






