بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں توسیع کا بڑا اعلان

کراچی: کے الیکٹرک نے عاشورہ کے دوران شہریوں کی سہولت اور مذہبی سرگرمیوں کے پیشِ نظر مخصوص علاقوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی تاریخوں میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کراچی میں 371 ایسے فیڈرز کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں مجالس منعقد ہوں گی یا جلوس گزرے گا۔ ان میں 244 ایسے فیڈرز بھی شامل ہیں جہاں معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی۔

اعلامیے کے مطابق 8 محرم کی شام سے 11 محرم کی صبح تک ان تمام فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی تاکہ عزاداروں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا فنی خرابی سے نمٹنے کے لیے اضافی تکنیکی وسائل اور عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔

دوسری جانب عاشورہ کی تعطیلات کے باعث صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخوں میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔

25 اور 26 جون 2026 کو واجب الادا بل اب 29 جون 2026 تک بغیر کسی اضافی سرچارج کے جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس حوالے سے تمام شیڈول بینکوں اور بل وصولی مراکز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک نے صارفین کو مزید معلومات اور معاونت کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 118 اور اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close