تحریک انصاف کو بڑی کامیابی مل گئی ، اب آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے امیدوار بلے کے نشان پر الیکشن لڑ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کو بطور سیاسی جماعت رجسٹر کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے امیدوار بلے کے نشان پر الیکشن لڑ سکیں گے۔
مظفرآباد میں چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس شاہد بہار کی سربراہی میں قائم لارجر بینچ نے اس اہم کیس پر احکامات جاری کیے، یہ رٹ پٹیشن صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے تحریک انصاف کی سیاسی رکنیت اور رجسٹریشن کو منسوخ کر دیا تھا، جس کے خلاف پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر اور حکومتِ آزاد کشمیر کو عدالت میں طلبی اور اس پورے معاملے پر تفصیلی وضاحت پیش کرنے کے لیے باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کر دیے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






