انا للہ و انا الیہ راجعون ، یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے، افسوسناک خبر آگئی

خیبر پختونخوا کے شہر بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں سڑک کنارے ہونے والے دو مختلف بم دھماکوں میں سات افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر گاڑی اپنے گاؤں ہاتھی خیل سے سواریاں لے کر بنوں شہر کی طرف آ رہی تھی۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کے کنارے بارودی مواد چھپا رکھا تھا، جیسے ہی مسافروں سے بھری یہ گاڑی وہاں سے گزری تو ایک زوردار دھماکا ہوا جس کی زد میں آ کر گاڑی میں سوار پانچ مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

اس ہولناک واقعے کے تھوڑی ہی دیر بعد جب آس پاس موجود لوگ اور مدد کرنے والے جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں دوسرا دھماکا ہو گیا۔

اس دوسرے دھماکے کی زد میں آ کر امدادی کاموں میں حصہ لینے والے مزید دو افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے لیے ممکنہ طور پر ریموٹ کنٹرول یا خودکار بارودی مواد استعمال کیا گیا، جس کا مقصد عام شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنانا تھا۔

ان دھماکوں کی زد میں ایک سرکاری افسر کی گاڑی بھی آئی جسے کافی نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے وہ خود اس حادثے میں محفوظ رہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور تمام لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائے گئے زخمیوں میں کمسن بچے بھی شامل ہیں جنہیں بچانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور وہاں سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری طرف سرکاری سطح پر اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانے والے اس عمل کو درندگی قرار دیتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں اور بچوں کو نشانہ بنانا درندگی ہے اور درندہ صفت خوارج کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close