نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات رکھنا لازمی قرار دے دیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثات کے دوران آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اس مقصد کے لیےموٹروے پولیس نے ملک گیرفائرسیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی،مہم کے دوران ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو آگ بجھانے والے آلات کی اہمیت، استعمال اور ان کی فعالیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
ترجمان کےمطابق گاڑیوں میں فعال اورمعیاری فائرایکسٹنگوئشر کی موجودگی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، ڈرائیورحضرات کو ہدایت کی گئی ہےکہ سفر سے قبل اپنے آگ بجھانے والے آلات کی فعالیت اور معیاد ضرور چیک کریں،غیر فعال یا زائد المعیاد آلات قابل قبول نہیں ہوں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق 24 جون کے بعد ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور آگ بجھانے والے آلات کے بغیر چلنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،24 جون کے بعد فائر ایکسٹنگوئشر کےبغیرمسافر اورمال بردارگاڑیوں کاموٹرویز میں داخلہ بھی ممنوع ہوگا،جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






