ملک دیوالیہ کرنے کی سازش؟ وزیرِ اطلاعات کا اپوزیشن پر وار

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے اور ملک میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا ہے، اپوزیشن کو اس کی تعریف کرنی چاہیے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ایوان جمہوری روایات کا امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے جس ماحول میں بات کی، ہم نے انہی ڈیسک سے کتابیں جلتی اور کاغذ پھینکے جاتے دیکھے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ہر کوئی بجٹ پر مثبت بات کر رہا ہے، تنقید اپوزیشن کا حق ہے لیکن مثبت اقدامات کی تعریف بھی ہونی چاہیے۔ تنخواہ دار طبقے کو خاطر خواہ ریلیف دیا گیا ہے، 50 ہزار سے کم تنخواہ پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا جبکہ 50 ہزار سے ایک لاکھ تک صرف ایک فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار تھا، افسران چھٹیوں پر چلے گئے تھے اور ریاست کی بقا کے لیے سیاست کی قربانی دی گئی۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات نہ ہوتے تو آج کی معاشی بہتری ممکن نہ ہوتی۔

عطا تارڑ کے مطابق ماضی میں معیشت انتہائی غیر مستحکم تھی، کاروباری سرگرمیاں رک گئی تھیں اور ایل سیز نہیں کھل رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شوگر انڈسٹری سے 60 ارب روپے ریکور کیے جبکہ گزشتہ سال ایف بی آر کی انفورسمنٹ کے ذریعے 800 ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور حکومت نے منصفانہ ٹیکس نظام متعارف کرایا ہے تاکہ ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ ٹیکس دینے والوں پر نہ پڑے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close