وفاقی وزراء جی بی الیکشن کے نتائج کیسے بدلنا چاہتے ہیں؟ ندیم افضل چن کا انکشاف

اسلام آباد پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض وفاقی وزرا حکومتی مشینری کے ذریعے گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی، تاہم 7 جون کو ہونے والے انتخابات کے مکمل نتائج تاحال سامنے نہیں آئے۔

ندیم افضل چن نے سوال اٹھایا کہ آیا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسی وزیراعظم کے مؤقف سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑے ظرف کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی کامیابی کو تسلیم کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض وفاقی وزرا 15 جون کی تاریخ دے رہے ہیں اور یہ تاثر دے رہے ہیں کہ اس روز نتائج تبدیل ہو جائیں گے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے بتایا کہ پارٹی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ایک وفاقی وزیر نے کشمیر کے معاملے پر یہ بیان دیا کہ ان کی گنتی 11 نشستوں سے شروع ہوگی، جس سے سیاسی تنازع پیدا ہوا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے اور انہیں یقین دلایا جائے کہ ان کے ووٹ اور انتخابی فیصلے کا تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے وفاقی وزرا کے بیانات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے نقصان ہوگا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کو اپنے وزرا کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے روکنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close