اسلام آباد سولر پینلز کے بعد سولر انورٹرز اور لیتھیئم بیٹریوں کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سولر سسٹم لگوانا عام صارفین کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سولر پینلز پر مزید ٹیکس عائد کیے جانے کے خدشات کے باعث ملک بھر کی مارکیٹوں میں سولر سسٹم اور اس کے آلات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سولر مارکیٹ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پینلز کی درآمد پر پہلے ہی 10 فیصد ٹیکس عائد ہے، تاہم بجٹ سے قبل ہی پینلز کی قیمتوں میں 4 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔
اس کے بعد مارکیٹ میں 585، 645 اور 720 واٹ کے پینلز 26 ہزار سے 32 ہزار روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر انورٹرز کی قیمتوں میں بھی 20 ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ 1 کلو واٹ سے 3 کلو واٹ تک کے انورٹرز 5 سے 10 ہزار روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث لیتھیئم بیٹریوں کی طلب بڑھنے سے ان کی قیمتوں میں بھی 20 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس وقت 5 کلو واٹ لیتھیئم بیٹری کی قیمت 2 لاکھ 60 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے، جس سے متبادل توانائی کی طرف جانے والے متوسط طبقے پر مالی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






