مہنگائی کا نیا طوفان، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں سے متعلق غریب عوام کیلئے پریشان کن خبر

شہر بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگی اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں متعدد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں سرکاری نرخ نامے سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق نیا کچا آلو درجہ اول سرکاری قیمت 22 روپے فی کلو کے بجائے 40 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ پیاز 80 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 40 روپے مقرر ہونے کے باوجود 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر سبزیوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کریلا 50 روپے کے بجائے 70 روپے، مٹر 145 روپے کی بجائے 200 روپے، شملا مرچ 165 روپے کے بجائے 200 روپے اور سبز مرچ 75 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

اسی طرح بند گوبھی 60 روپے کے بجائے 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ پھول گوبھی کی قیمت 150 روپے فی کلو برقرار ہے۔ مجموعی طور پر بیشتر سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافی وصولی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close