اسلام آباد : شہروں میں فلیٹوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے خصوصی سولر اسکیم کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے تحت مالکان اپنے گاؤں میں سولر لگا کر شہر کے فلیٹ میں سولر کریڈٹ لے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایک منفرد اسکیم پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اب شہری اپنے گاؤں کی زمین پر سولر سسٹم لگا کر اس کی بجلی کا کریڈٹ شہروں میں موجود اپنے گھروں یا فلیٹس میں حاصل کر سکیں گے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ کے صدر عثمان شوکت نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ایک ایسی انقلابی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جس کے تحت ملک میں باقاعدہ سولر وہیلنگ پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا سب سے بڑا فائدہ ان لوگوں کو ہوگا جو شہروں میں فلیٹس یا ایسے گھروں میں رہتے ہیں جہاں چھت پر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ سولر پینل نہیں لگا سکتے۔
عثمان شوکت نے کہا کہ اب ایسے شہری اپنی گاؤں کی زمین پر سولر پلانٹ لگا کر اس سے پیدا ہونے والی بجلی کا کریڈٹ (نیٹ میٹرنگ کے ذریعے) اپنے شہر کے فلیٹ کے بجلی بل میں ایڈجسٹ کروا سکیں گے۔
صدر آر سی سی آئی نے مزید کہا کہ سولر وہیلنگ پالیسی دنیا کے تمام بڑے اور ترقی یافتہ ممالک میں ایک مروجہ اور اہم ترین سہولت ہے، جہاں زمین کی کمی کا سامنا کرنے والے طبقے کو اس کے ذریعے ریلیف دیا جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں اس جدید سہولت کا باقاعدہ آغاز ملکی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف نیشنل گرڈ پر بوجھ کم ہوگا بلکہ صارفین کے مہنگے بجلی کے بلوں میں بھی واضح کمی آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






