پی ٹی آئی کے امیدوار پورے نہیں، دھاندلی کا واویلا کس منہ سے کر رہے؟

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے حق میں عوامی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہر طرف “شیر” کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام ہمیشہ اس کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں، جبکہ مخالف جماعتیں محض تنقید اور الزامات کی سیاست کرتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی جماعت نے کوئی نمایاں ترقیاتی کام نہیں کیا، جبکہ ان کے مطابق تحریک انصاف کا وہاں کوئی قابل ذکر ووٹ بینک موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما انتخابی مہم میں مشکلات کا الزام لگا کر قبل از وقت دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں، حالانکہ ان کے مطابق یہ سیاسی بیانیہ حقیقت پر مبنی نہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کرتی ہے اور جھوٹ یا پروپیگنڈے کی سیاست کو عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کو لاہور کی طرز پر ترقی یافتہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close