بھارتی فائٹر کو شکست دینے کی جعلی خبریں پھیلانے والوں کو دو ٹوک جواب

اسلام آباد: پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے سری لنکا میں ہونے والے ایشین گیمز ریسلنگ ایونٹ میں عائشہ بلوچ کے گولڈ میڈل جیتنے سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

فیڈریشن کے مطابق پاکستان کی جانب سے کسی بھی بین الاقوامی ریسلنگ ایونٹ، ایشین گیمز یا کسی دیگر قومی و بین الاقوامی مقابلے کے لیے کسی خاتون ریسلر کو نہ تو نامزد کیا گیا ہے اور نہ ہی روانہ کیا گیا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ آئندہ ایشین گیمز ستمبر 2026 میں منعقد ہونا ہیں، لہٰذا کسی موجودہ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے کا دعویٰ حقائق کے برعکس اور گمراہ کن ہے۔

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی عائشہ بلوچ نے ایک بھارتی فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا ہے، جبکہ عدنان آفریدی اور اقرا خان کی جانب سے باکسنگ میں پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتنے کی خبریں بھی گردش میں تھیں، جن کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close