منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف شواہد کی فرانزک سے متعلق پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت سے درخواست دائر کی ہے کہ ملزمہ سے متعلق ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ کرائی جائے۔
پولیس کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی وائس ریکارڈنگز، وائس میسجز، کال ریکارڈنگز اور دیگر ڈیجیٹل مواد کو پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوانے کی اجازت دی جائے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام شواہد کیس کی تفتیش میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔
درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمہ نے ان ریکارڈنگز اور وائس میسجز کو اپنا تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان میں موجود آواز اس کی نہیں ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ ان ڈیجیٹل شواہد کا سائنسی بنیادوں پر فرانزک تجزیہ کیا جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ کے بعد یہ واضح ہو سکے گا کہ مذکورہ وائس ریکارڈنگز اور کالز واقعی ملزمہ کی ہیں یا نہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ شواہد کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوانے کی اجازت دی جائے تاکہ تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






