بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن پنجگور کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






