کپتان بدلنے کی تیاریاں! ٹیم نیا کپتان لانے کو تیار

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی پر غور کر رہا ہے اور موجودہ کپتان سوریا کمار یادیو کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا کمار یادیو کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے مشاورت کی جائے گی، تاہم سلیکٹرز طویل المدتی حکمت عملی کے تحت نئے قائد کے انتخاب پر غور کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ حکام ایسی قیادت چاہتے ہیں جو آئندہ دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھال سکے۔ اس سلسلے میں بیٹر شریاس ائیر کو کپتانی کا مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تلک ورما کو نائب کپتان مقرر کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ وہ اکشر پٹیل کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، تاہم حالیہ عرصے میں ان کی بیٹنگ کارکردگی تنقید کی زد میں رہی ہے۔

آئی پی ایل 2026 میں بھی سوریا کمار یادیو خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے ممبئی انڈینز کی جانب سے 13 میچوں میں 270 رنز بنائے، جبکہ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر رہی۔

بھارتی کرکٹ حلقوں میں قیادت کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close