تنخواہوں میں کٹوتی کے حوالے سے ملازمین کے لیے بڑی خبر

ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق سخت فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جتنے دن غیر حاضر ہوں گے، اتنے دنوں کی پوری تنخواہ کاٹ لی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا نے اساتذہ اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق ایک انتہائی سخت فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

نئے احکامات کے تحت بورڈ نے ملازمین کی تنخواہوں کو ‘اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم’ سے مشروط کر دیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام اداروں میں ‘اسمارٹ اٹینڈنس سسٹم’ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، اب جون 2026 کی تنخواہیں مئی کے اسمارٹ اٹینڈنس ریکارڈ کی بنیاد پر ہی ادا کی جائیں گی اور ڈیجیٹل حاضری کے بغیر کسی بھی ملازم کی تنخواہ جاری نہیں ہوگی۔

مراسلے میں کہنا تھا کہ حاضری ریکارڈ میں درج غیر حاضری یا غیر مجاز رخصت (بغیر اجازت چھٹی) پر ملازمین کی تنخواہ سے 100 فیصد کٹوتی کی جائے گی، یعنی جتنے دن ملازم غیر حاضر ہوگا، اتنے ہی دنوں کی پوری تنخواہ کاٹ لی جائے گی۔

تمام ماتحت اداروں کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اسمارٹ حاضری ریکارڈ کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

ورکرز ویلفیئر بورڈ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 جون 2026 تک تنخواہوں کے بلز لازمی ارسال کر دیں۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اداروں میں ڈسپلن قائم کرنا، ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانا اور دفتری و تعلیمی نظام میں شفافیت لانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close