پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ماہ میں دو بار آپس میں ٹکرائیں گی

لاہور: روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں رواں ماہ پرو ہاکی لیگ میں دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز 23 اور 26 جون کو لندن میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ان مقابلوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔

قومی ہاکی ٹیم ان میچز کی تیاری کے لیے لاہور میں تربیتی کیمپ میں مصروف ہے۔ پرو ہاکی لیگ کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم 9 جون کو بیلجیم روانہ ہوگی۔

پاکستانی ٹیم 13 جون کو بیلجیم جبکہ 14 جون کو اسپین کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس کے بعد 19 جون کو دوبارہ بیلجیم اور 20 جون کو اسپین کے خلاف میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے پہلے 16 اور 17 جون کو شیڈول تھے۔

قومی ٹیم لیگ کے آخری مرحلے کے لیے 21 جون کو بیلجیم سے لندن روانہ ہوگی، جہاں 23 جون کو بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان 24 جون کو انگلینڈ کا سامنا کرے گا، جبکہ 26 جون کو ایک بار پھر بھارت کے مدمقابل آئے گا۔ لیگ میں پاکستان کا آخری میچ 27 جون کو انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔

پرو ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اب تک مایوس کن رہی ہے۔ گرین شرٹس اپنے تمام آٹھ میچز ہار چکی ہے اور بغیر کسی پوائنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

قومی ٹیم کے لیے پرو ہاکی لیگ میں اپنی جگہ برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، کیونکہ لیگ کے قوانین کے مطابق نو ٹیموں میں سے آخری پوزیشن پر آنے والی ٹیم ہر سال لیگ سے باہر ہو جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close