بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو فراڈ قرار

کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلاحی ریاست کا درس دینے والے آج غریبوں کے وظیفے پر سیخ پا کیوں ہیں؟

اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کا حالیہ بیان ان کی سطحی اور غریب دشمن سوچ کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو فراڈ قرار دینا لاکھوں مستحق اور نادار خاندانوں کی توہین کے مترادف ہے، جو اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کا ایک اہم سماجی تحفظ کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے ضرورت مند خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف مستحق افراد کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں بلکہ ان فلاحی اقدامات کو بھی متنازع بنانے کی کوشش ہیں جن کا مقصد غریب طبقات کی مدد اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور مستحق افراد کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close