مریم نواز کے کس ایک پروگرام نے انٹرنیٹ پر ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا؟

لاہور:  سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شروع کیا گیا ستھرا پنجاب پروگرام پاکستان بھر میں سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

لاہور میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ عید کے دنوں میں 41 ہزار سے زائد شہریوں نے ہیلپ لائن پر رابطہ کیا، جبکہ شدید گرمی کے باوجود ستھرا پنجاب کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام ورکرز کے لیے 10،10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ان کے بقول صفائی مہم کے دوران تمام متعلقہ اداروں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر پورے پنجاب اور وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ عوام صفائی کے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں، جبکہ مویشی منڈیوں کی نگرانی اور صفائی کو بھی مؤثر انداز میں یقینی بنایا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہیں اور اگرچہ سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو، تاہم حکومت نے ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں سیلاب سے متعلق انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ اور مختلف اداروں نے باہمی تعاون سے کام کیا، جبکہ ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی انتھک محنت کے بغیر یہ بڑا آپریشن ممکن نہیں تھا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز خود پورے آپریشن کی نگرانی کرتی رہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو صوبہ بہتر کام کرے، دوسرے صوبوں کو اس سے سیکھنا چاہیے۔ ہمارا مقصد سیاسی مقابلہ نہیں بلکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی صحت سے متعلق بتایا کہ اللہ کے فضل سے مریم نواز کی سرجری کامیاب رہی، آپریشن شریف میڈیکل سٹی میں ہوا اور وہ علاج کے لیے بیرون ملک نہیں جا رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close