سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی ای چالان سسٹم سے محفوظ نہ رہ سکے، کراچی میں ان کی زیر استعمال گاڑی کا ٹریفک چالان جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گاڑی نمبر BF-7776، جو ڈاکٹر ڈنشا ہوشنگ انکل ساریا کے نام پر رجسٹرڈ ہے، کا ای چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ چالان 20 فروری کو جناح سگنل پر ہوا، جب گاڑی میں سوار ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ نہیں لگائی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسی گاڑی کا اس سے قبل بھی اوور اسپیڈنگ کے باعث 31 دسمبر 2025 کو بلوچ کالونی پل، شاہراہ فیصل پر چالان کیا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کراچی میں شاہراہِ بھٹو کے افتتاح کے موقع پر بھی اسی گاڑی میں آئے تھے، اور بعض مواقع پر وہ خود بھی اس گاڑی کو ڈرائیو کرتے ہوئے نظر آئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائی جاری ہے، اور کسی بھی شخص کو استثنیٰ حاصل نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






