اسلام آباد: آسٹریلیا نے غیر ملکی ہنر مند افراد کیلئے ایمپلائر نومینیشن اسکیم (ENS) ویزا (سب کلاس 186) کے تحت مواقع کو مزید واضح کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے آسٹریلیا جانے کے خواہش مند ہنر مند افراد کے لیے ایمپلائر نومینیشن اسکیم (ENS) ویزا (سب کلاس 186) کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔اس اسکیم کے ذریعے اہل امیدوار آسٹریلوی آجر (Employer) کی نامزدگی پر مستقل رہائش حاصل کر سکتے ہیں اور یہ ویزا خاص طور پر ان افراد کیلئے ہے جو کسی مخصوص شعبے میں مہارت، تجربہ اور پیشہ ورانہ قابلیت رکھتے ہوں۔درخواست دہندگان کیلئے ضروری ہے کہ ان کے پاس آسٹریلوی کمپنی کی جانب سے اسپانسرشپ ہو اور وہ متعلقہ فیلڈ میں مطلوبہ معیار پر پورا اترتے ہوں۔آسٹریلوی وزارتِ داخلہ علاقائی علاقوں میں کام کرنے والے افراد، صحت، اور تدریسی شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کو ترجیح دیتی ہے۔حکام کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد آسٹریلیا میں ہنر مند افراد کی کمی کو پورا کرنا اور مختلف صنعتوں میں افرادی قوت کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ اسکیم ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور ماہر افرادی قوت کو راغب کرنے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔ویزا سے متعلق مستند اور تازہ ترین تفصیلات آسٹریلوی وزارتِ داخلہ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔بیورو آف امیگریشن نے واضح کیا ہے کہ یہ اسکیم محنتی اور قابل افراد کو عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو منوانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔مزید معلومات کے لیے بیورو کی ویب سائٹ www.beoe.gov.pk پر وزٹ کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






