شہری فوری احتیاط کریں، ہیٹ ویو شروع

کراچی:  سندھ کے وسطی و بالائی علاقوں میں کل سے 11 مئی تک شدید ہیٹ ویو جاری رہے گی۔ مختلف شہروں میں پارہ 49 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہنے کے باوجود موسم گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں پارہ 49 ڈگری تک جاسکتا ہے۔گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز اور دیگر علاقوں میں دن کے وقت شدید گرمی رہے گی جبکہ مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا کہ عوام بالخصوص بچے، خواتین اور بزرگ شہری شدید دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔ شہری دن کے اوقات میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کسان گندم کی فصل کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، مال مویشی رکھنے والے افراد جانوروں کو گرم موسم سے محفوظ رکھنے کے لیے سائے اور پانی کا انتظام کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین روز تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم شہر میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔کراچی میں جمعرات کو درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ جمعہ کو درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 55 سے 85 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جبکہ نمی کے زائد تناسب کے باعث درجہ حرارت زیادہ محسوس کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close