وفاقی دارالحکومت میں شادی ہالز میں ون ڈش پالیسی کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ ایک سے زائد بار خلاف ورزی کرنے والے مارکی مالکان کے خلاف مقدمے درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شادی کی تقریبات میں اسراف روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ایک بار پھر متحرک ہوگئی ، وفاقی حکومت کی ‘ون ڈش پالیسی’ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے اب وارننگ کا وقت ختم اور سخت کارروائیوں کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں ون ڈش پالیسی پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے بڑے فیصلے کر لیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری کردہ نئے احکامات میں کہا گیا کہ جو مارکی مالکان ایک سے زائد بار خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، ان کے خلاف اب براہِ راست مقدمات درج کیے جائیں گے۔
صرف یہی نہیں، دوسری بار قانون کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ مارکی کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا اور مالکان کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے سیل شدہ عمارت کے اندر تقریب منعقد کرنے کی کوشش کی تو اسے نہ صرف گرفتاری بلکہ بھاری جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں یومیہ بنیادوں پر بغیر کسی تفریق کے کارروائیاں کریں۔
پولیس کو بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ وفاقی حکومت کی بچت پالیسی کو کامیاب بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






