1 سے 5 مئی بندش؟ پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے بڑا بیان جاری کر دیا

اسلام آباد: ملک بھر میں 1 سے 5 مئی تک پیٹرول پمپس بند رہنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مختلف اداروں نے بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ان افواہوں کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی تھی۔

تاہم آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ ہڑتال یا بندش کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ کے مطابق ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

اسی طرح اوگرا نے بھی سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ہڑتال کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے بندش کا اعلان نہیں کیا، اور ملک میں سپلائی کا نظام مکمل طور پر فعال ہے۔

مزید برآں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے بھی ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، جس کے تحت صارفین کو بلا تعطل فراہمی جاری رہے گی۔ ادارے کے مطابق 28 دن کا پیٹرول اور 34 دن کا ڈیزل اسٹاک دستیاب ہے۔

اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور پرامن طور پر معمول کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close