الیکشن کمیشن نے دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کردی جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی تعداد 167 ہوگئی، الیکشن میں 4 سیاسی جماعتیں بغیر سربراہ کے موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ڈی لسٹ کی گئی جماعتوں میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی استحکام پاکستان تحریک شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں جماعتوں کو الیکشنز ایکٹ اور رولز کی خلاف ورزیوں پر ڈی لسٹ کیا گیا، دونوں جماعتوں نے انٹرا پارٹی الیکشنز نہیں کرائے، دونوں جماعتوں نے سالانہ گوشوارے جمع نہیں کرائے، الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کو متعدد مواقع دیئے اور 16 اپریل کو دونوں جماعتوں کو ڈی لسٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔
جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کے پولیٹکل فنانس ونگ کی سفارش پر یہ کارروائی کی گئی، دونوں سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات بھی واپس لے لئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کی ہے، دو سیاسی جماعتوں کی ڈی لسٹمنٹ کے بعد سیاسی جماعتوں کی تعداد 167 ہوگئی جس میں 4 سیاسی جماعتیں بغیر سربراہ کے موجود ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





