لاہور (آئی این پی) ٹریفک جرمانوں میں کمی کا ترمیمی آرڈیننس بل پنجاب اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔ترمیمی آرڈیننس کے مطابق موٹر سائیکل کے بعض چالان 2 ہزار سے کم کر کے ایک ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ چالان 2 ہزار روپے ہو گا۔ترمیمی آرڈیننس کے مطابق رکشہ ڈرائیورز کے لیے چند خلاف ورزیوں پر جرمانہ 3 ہزار سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار جرمانہ ہوگا۔ترمیمی آرڈیننس میں کار اور جیپ کی بعض خلاف ورزیوں پر جرمانہ 5 ہزار سے کم کر کے 3 ہزار کرنے کی تجویز دی گئی ہیجبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔موٹر سائیکل، رکشہ اور کار میں اوور سپیڈنگ کے جرمانوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ترمیمی آرڈیننس میں 2000 سی سی اور دیگر لگژری گاڑیوں کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار کرنے کی تجویز ہے، جبکہ ان کے لیے کم از کم جرمانہ 2 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے مقرر کیا جائے گا۔کوسٹرز اور چھوٹی مسافر وینز کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے جبکہ ٹرک، بسوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کے زیادہ سے زیادہ جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






