راولپنڈی: راولپنڈی میں اسکولوں میں داخلے کیلئے عمر کی نئی حد مقرر کرتے ہوئے والدین کیلئے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔تفصیل کے مطابق محکمہ تعلیم راولپنڈی نے سرکاری اسکولوں میں نئے داخلوں کے لئے عمر کا نیا چارٹ جاری کر دیا ، اس بار داخلے پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں، اور اب عمر کی نئی پابندی سے والدین کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ہر کلاس میں داخلے کیلئے بچے کی کم از کم عمر کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔نرسری کیلئے 3 سال ، پریپ کیلئے 4 سال ، پہلی کلاس کے لئے 5 سال ، دوسری کلاس کے لئے 6 سال ، تیسری کلاس کے لئے 7 سال ، چوتھی کلاس کے لئے 8 سال ، پانچویں کلاس کے لئے 9 سال ، چھٹی کلاس کے لئے 10 سال ہونی چاہیے۔اس کے علاوہ ساتویں کلاس کے لئے 11 سال ، آٹھویں کلاس کے لئے 12 سال ، نویں کلاس کے لئے 13 سال اور دسویں کلاس کے لئے 14 سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیئے۔حکام کا کہنا ہے کہ نویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی رجسٹریشن کے وقت بچے کی عمر کم از کم 13 سال ہونا لازمی ہے، اگر عمر اس سے کم ہوئی تو رجسٹریشن نہیں ہو سکے گی۔یاد رہے کہ پرائیویٹ اسکولوں میں داخلے جنوری میں ہی شروع ہو گئے تھے، جبکہ سرکاری اسکولوں میں یہ عمل یکم اپریل سے شروع ہوا ہے۔محکمہ تعلیم نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا داخلہ کراتے وقت اس نئے ایج چارٹ کو ضرور ذہن میں رکھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






