تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری تدفین کی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاحال یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ نریندر مودی تقریب میں ذاتی طور پر شریک ہوں گے یا بھارت کی جانب سے کوئی اعلیٰ سطحی نمائندہ شرکت کرے گا۔ آیت اللہ خامنہ ای کے انتقال کے بعد بھارت کے خارجہ سیکریٹری وکرم مسری نے نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے جا کر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
ایرانی حکومت کے مطابق تدفینی اور تعزیتی تقریبات کا آغاز 4 جولائی سے ہوگا۔ آیت اللہ خامنہ ای کی میت تہران کے گرینڈ مصلیٰ کمپلیکس میں عوامی دیدار کے لیے رکھی جائے گی، جس کے بعد تہران اور قم میں بڑے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔
تقریبات کے سلسلے میں عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا میں بھی دعائیہ اجتماعات منعقد ہوں گے، جبکہ آخری تدفینی مرحلہ 9 جولائی کو آیت اللہ خامنہ ای کے آبائی شہر مشہد میں مکمل کیا جائے گا، جہاں انہیں امام رضاؑ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق ان تقریبات میں ایران سمیت مختلف ممالک سے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






