پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کا آصف علی زرداری، شہباز شریف اور عاصم منیر کو خراج تحسین

مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ کے زیر اہتمام ممبرشپ کنونشن منعقد ہوا، جس میں ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد سیکرٹری اطلاعات خواتین ونگ محترمہ زوبیہ خورشید نے پیش کی۔

قرارداد میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے مصالحانہ اور قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے آصف علی زرداری، شہباز شریف اور عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔

اجلاس میں قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ قرارداد میں پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

شرکاء نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جبکہ حالیہ مشرق وسطیٰ بحران میں بھی پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔

قرارداد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور کشمیری خواتین کی جرات و استقامت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس نے حریت قیادت اور نوجوانوں کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔

اجلاس میں پارٹی تنظیمی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ شاہین کوثر ڈار کی بطور صدر تقرری کا خیرمقدم کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ وہ پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

خواتین کے حقوق کے حوالے سے اجلاس نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں خواتین کو ملازمتوں، بلاسود قرضوں اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں، جبکہ قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل میں خواتین کی نمائندگی بڑھائی جائے۔

اجلاس نے فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختصر عرصے میں ترقیاتی اقدامات سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی اور عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close