خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری

مردان: مردان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مردان میں عوام کا بڑا اجتماع عمران خان کی کال پر آیا ہے اور ان کی ذاتی کوئی حیثیت نہیں بلکہ اصل قیادت عمران خان کی ہے۔ سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی کال پر عوام کا بھرپور ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ آج بھی عوام کے مقبول لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے عمران خان ختم ہو چکے ہیں، مردان کے جلسے نے انہیں واضح پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ 25 اپریل کو آزاد کشمیر اور یکم مئی کو لاہور کا دورہ کریں گے، جبکہ عمران خان کی ہدایت پر سیاسی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو اگلے دن اسلام آباد جانے کے لیے بھی تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو ریاستی پالیسی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دور میں امن قائم تھا، جبکہ بعد میں دہشتگردی دوبارہ بڑھ گئی۔ انہوں نے آپریشن کی مخالفت کا بھی اعادہ کیا۔سہیل آفریدی نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ کم ہو گئی ہے، قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کے علاج اور ملاقاتوں کی اجازت نہ دینا دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے، اور جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے احتجاج جاری رہے گا۔خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی اور سیاسی فیصلوں پر ‘‘ایلیٹ قبضہ مافیا’’ کا اثر ہے، تاہم موجودہ خطے میں جاری مذاکرات کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ عمران خان کی ہدایت پر مختلف سیاسی رہنماؤں سے مشاورت جاری رہے گی اور اس بار صوبائی اسمبلی کا اجلاس گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔آخر میں انہوں نے کامیاب جلسے پر پارٹی تنظیم، اراکین اور عوام کو مبارکباد دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close