عازمین حج کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی ہے، قومی ایئرلائن نے قبل از حج آپریشن 2026 کا آغاز کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 19 اپریل سے ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے رواں سال 191 پروازوں کے ذریعے 55 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ ان میں سے تقریباً 49 ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ 6 ہزار سے زائد عازمین نجی حج گروپس کے ذریعے سفر کریں گے۔
حج آپریشن کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے 46 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 400 سے زائد عازمین، کراچی سے 55 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار، لاہور سے 34 پروازوں کے ذریعے 12 ہزار 377، فیصل آباد سے 23 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 680، ملتان سے 13 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 383، سیالکوٹ سے 5 پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 75 جبکہ کوئٹہ سے 15 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 487 عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
قبل از حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747، سیالکوٹ سے مدینہ منورہ کے لیے 19 اپریل کو رات 1:55 بجے 390 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی، جبکہ اسی روز فیصل آباد سے پرواز پی کے 4003 دن 11:05 بجے 150 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔
دیگر ابتدائی پروازوں کے مطابق اسلام آباد سے مدینہ منورہ کی پہلی پرواز پی کے 713، 21 اپریل کو صبح 11:30 بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز بھی 21 اپریل کو صبح 05:45 بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
کراچی سے پہلی افتتاحی پرواز 23 اپریل کو پی کے 743 کے ذریعے صبح 07:15 بجے 391 عازمین حج کو لے کر روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے قبل از حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747، 24 اپریل کو رات 22:20 بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
حکام کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے ائیرپورٹس اور پی آئی اے دفاتر پر موجود ٹیمیں عازمین کو مکمل رہنمائی فراہم کریں گی، اور تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سی ای او پی آئی اے کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 21 مئی کو مکمل ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






