پاک بحریہ کی دفاعی میدان میں ایک اور کامیابی

پاک بحریہ نے بحری جہاز سے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاک بحریہ نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ بحری جہاز سے فائر کیے گئے اس برق رفتار میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، منصوبے سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ جدید گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل دشمن کے دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ اس میزائل کا کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی مہارت اور دفاعی خود انحصاری کا واضح ثبوت ہے۔ یہ کامیابی خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربہ میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close