ایس ای سی پی نے سود سے پاک ڈیجیٹل فنانسنگ کے اجراء کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں، کم آمدنی والے افراد بھی باآسانی حلال فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سود سے پاک ڈیجیٹل فنانسنگ کے فروغ کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جن کے تحت ڈیجیٹل فنانسنگ کمپنیاں اب شریعہ کمپلائنٹ حلال فنانسنگ مصنوعات متعارف کرا سکیں گی۔
ایس ای سی پی کے مطابق ان اسلامی مالیاتی سہولیات میں اقساط پر خریداری، مائیکرو لونز اور ہاؤسنگ فنانس جیسی خدمات شامل ہوں گی، جس سے عام شہریوں کی مالیاتی سہولتوں تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد، کسان اور فری لانسرز بھی بغیر کریڈٹ ہسٹری کے فنانسنگ حاصل کرسکیں گے، جو مالی شمولیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ مصنوعات رسک شیئرنگ اور اثاثہ جاتی بنیادوں پر تیار کی جاتی ہیں، جس سے صارفین کو زیادہ شفاف، محفوظ اور معیاری خدمات میسر آئیں گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان میں سود سے پاک سرمایہ کاری کے ذریعے ڈیجیٹل فنانسنگ میں اسلامی خدمات کی شمولیت سے مالیاتی شعبے میں مقابلے کو فروغ ملے گا جبکہ صارفین کو بہتر قیمت اور سہولتیں بھی حاصل ہوں گی۔
ایس ای سی پی نے مزید بتایا کہ ملک میں سود سے پاک مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے اسٹریٹیجک ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے، جس کا مقصد اسلامی مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






