ناظم آباد نمبر ایک میں خوفناک ٹریفک حادثہ میں 2بہنوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جبکہ دیگر حادثات میں ایک بچہ اور نوجوان موت کے منہ میں چلے گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں دو سگی بہنیں ایک نوجوان اور ایک کمسن بچہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ناظم آباد میں پیش آنے والا حادثہ موٹرسائیکل بے قابو ہوکر گرنے کے باعث پیش آیا، موٹر سائیکل لڑکھڑا کر گری تو دونوں بہنیں آئل ٹینکر کے پچھلے ٹائروں میں آگئیں
22ویلر آئل ٹینکر کو تھانے منتقل کردیا گیا، ڈرائیورکو حراست میں لے لیا گیا ہے، دونوں خواتین کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، موٹر سائیکل چلانے والا نوجوان معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
جاں بحق لڑکیوں کی شناخت ایسٹر اور اینجل کےنام سے ہوئی ہے جبکہ دونوں حادثے کے وقت بھائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھیں۔
متوفیان کی عمریں 17 اور 15 سال ہیں، اہل خانہ کے مطابق وہ رضویہ سراج کالونی کی رہائشی ہیں، ایسٹر انٹر اور اینجل نویں جماعت کی طالبہ تھی۔
دوسری جانب ابراہیم حیدری بےنظیر چوک پر ٹریفک حادثہ میں ایک بچہ جاں بحق ہوا، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی بچے کی شناخت 10سالہ عبدالمصور کےنام سے ہوئی ہے۔
سائٹ سپر ہائی وے محمدی گوٹھ میں نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کو لگنے والی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار25سالہ عبد الحمید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ متوفیان کی لاشیں قانونی کارروائی کیلیے اسپتال لائی گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






