پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان کو ان کے دورۂ پاکستان کے اختتام پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ملاقات بھی ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں محمد بن عبداللہ الجدعان سے دوبارہ ملاقات کریں گے، جسے دونوں برادر ممالک کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خزانہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے ایک روزہ دورے کے دوران ملاقات کی تھی، جس میں دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close