انا للہ وانا الیہ راجعون، بڑی مذہبی شخصیات کا انتقال ہوگیا

اسلام آباد سجادہ نشین درگاہ غوثیہ گولڑہ شریف پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی انتقال کر گئے۔ ترجمان کے مطابق پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی نماز جنازہ آج (جمعہ ) بعد نماز عصر گولڑہ شریف میں ادا کی جائے گی۔ وفات کی خبر سنتے ہی عقیدت مندوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی اور وہ مرحوم کیلئے دعائو ں میں مصروف ہیں۔ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی شخصیت صوفیانہ تعلیمات اور روحانی خدمات کے لیے معروف تھی۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے درگاہ عالیہ غوثیہ گولڑہ شریف کے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی صوفیانہ تعلیمات کے فروغ کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحب زادے پیر سید مہر فرید الحق مہر گیلانی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پیر سید مہر فرید الحق مہر گیلانی کی وفات پر ان کا دل رنجیدہ ہے،ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close