قلات بلوچستان کے ضلع قلات اور خضدار کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 11 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز قلات سے تقریبا ً50 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے اچانک محسوس ہوئے جس سے گھروں کی دیواریں اور کھڑکیاں لرز اٹھیں۔ کئی علاقوں میں لوگ خوف کے باعث کھلے مقامات پر جمع ہوگئے اور کافی دیر تک صورتحال معمول پر آنے کا انتظار کرتے رہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ٹیموں کو تیار رکھا گیا جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






