ن لیگ میں اہم تبدیلیاں، نواز شریف کا بڑا اقدام

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں پارٹی سطح پر تبدیلیوں کا فیصلہ کرتے ہوئے نواز شریف نے بڑا قدم اٹھا لیا۔

 

وفاق اور پنجاب میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں پارٹی سطح پر اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ن لیگ کے صدر نواز شریف نے اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں سے تجاویز طلب کر لی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل کے عہدے سے اٹھائے جانے کی بازگشت ہے اور نواز شریف نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو یہ عہدہ دینے کی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ نے وفاقی حکومتی ذمہ داریوں کی مصروفیت کے باعث عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرتے ہوئے تجویز پیش کی ہے کہ پارٹی کی سیکریٹری جنرل شپ پنجاب کے بجائے کسی دوسرے کو دی جائے اور پنجاب کے صدر اور سیکریٹری کا عہدہ بھی تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے پارٹی کو پنجاب میں دو یا تین حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں اور لیڈر شپ میں فاصلے بڑھ رہے ہیں، یہ رابطے دوبارہ بحال ہونے چاہئیں۔

ایک یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ پارٹی قائد کے علاوہ کسی اور کے پاس پارٹی عہدہ 5 سال سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو ن لیگ پنجاب کا صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ فعال ورکرز کو ضلعی اور ڈویژن کی سطح پر عہدے دینے کے لیے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ جب کہ نواز شریف پارٹی کی تنظیم نو کے لیے جلد اجلاس بلا کر مزید تجاویز طلب کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close