اسلام آباد: نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا اور اپ گریڈ شدہ ورژن متعارف کرا دیا ہے، جس سے ویزا درخواست اور بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان اور تیز ہو گیا ہے۔
نادرا کے مطابق نئے ورژن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کیلئے ویزا درخواست کا طریقہ کار انتہائی سہل بنا دیا گیا ہے، اب دنیا کے 193 ممالک کے شہری مختلف ویزا کیٹیگریز کیلئے اسی ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
نئے فیچرز کے تحت صارفین کو پاسپورٹ کی معلومات جیسے نام، نمبر اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ ایپ تصویر اسکین کر کے خودکار طور پر تمام کوائف فارم میں شامل کر دے گی۔
ایپ میں بائیو میٹرک تصدیق کیلئے الگ سیکشن بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے مختلف سہولیات حاصل کر سکیں گے، جن میں خونی رشتوں کی تصدیق، گاڑیوں کی منتقلی، وراثت، پاسپورٹ، اسلحہ لائسنس اور پنشنرز کیلئے ’پروف آف لائف‘ شامل ہیں۔
مزید برآں، چہرے اور فنگر پرنٹس کی تصدیق کا عمل پہلے سے زیادہ تیز اور آسان بنا دیا گیا ہے۔ نادرا نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے اپ ڈیٹ کر کے نئی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






