بلاول بھٹو کا منی بجٹ کے لیے حکومت کی حمایت کا اعلان

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے منی بجٹ کے لیے حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا۔

 

سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی منی بجٹ لانا چاہتا ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنگی بحران میں سیاسی اختلافات بھلا کر کام کرنا ہوگا، پاکستان میں اختلاف نہ ہو تو دنیا کی کوئی قوت ہمارا حوصلہ نہیں توڑ سکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل حالات میں عوامی ریلیف کیلیے وفاق کی طرح صوبائی حکومتیں بھی فنڈز کی کٹوتی کر کے حصہ ڈال رہی ہیں، سندھ حکومت نے کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو مالی مدد کا پلان بنایا ہے اور یہ منصوبہ جلد شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں نفرت اور تقسیم پر یقین رکھتی ہیں اور اسی پر عمل پیرا ہیں، ایران جنگ نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا اور اب خدشہ ہے کہ یہ جنگ پوری دنیا میں پھیل جائے گی کیونکہ اب اس کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں ہیں۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، دعا ہے جلد جنگ ختم ہو اور امن قائم ہو، ایران کے ساتھ امریکا اور اسرائیل کی جنگ کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران، فلسطین، لبنان اور دیگر ممالک پر حملہ کرنے والے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close