ملکی قرضوں میں کتنا اضافہ ؟ ہوشربا انکشافات

ملکی قرضوں میں گزشتہ تین سال کے دوران 3,200 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور دسمبر 2025 تک مجموعی قرضوں کا حجم 81,400 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

دستاویزات کے مطابق، گزشتہ مالی سال قرضوں پر صرف سود کی ادائیگی کے لیے 8,887 ارب روپے خرچ کیے گئے، اور حکومت نے زیادہ تر اندرونی قرضوں پر انحصار کیا۔ رواں مالی سال قرضوں پر سود کی ادائیگی کا تخمینہ 8,207 ارب روپے ہے، جس میں جولائی تا دسمبر قرضوں پر 3,563 ارب روپے ادا کیے گئے، جبکہ جنوری سے جون 2026 تک مزید بھاری سود کی ادائیگی متوقع ہے۔

دستاویز کے مطابق جون 2022 میں پاکستان کے ذمے قرضہ 49,200 ارب روپے تھا، جو جون 2023 میں بڑھ کر 62,900 ارب روپے ہو گیا، اور جون 2024 میں یہ قرضہ مزید بڑھ کر 71,300 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر 2025 تک اندرونی اور بیرونی قرضے 81,000 ارب روپے سے تجاوز کر گئے۔ جون 2025 سے دسمبر 2025 کے دوران قرضوں کے اسٹاک میں کمی واقع ہوئی، اور مجموعی قرضوں کے اسٹاک میں اضافہ 12.9 فیصد سے گر کر 1.1 فیصد رہ گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close