پاکستان کی ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سے متعلق جھوٹی خبروں کی تردید

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دے دیا ہے۔

میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مختلف ذرائع، خاص طور پر سوشل میڈیا پر ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں پاکستان کی جانب سے امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مبینہ اقدامات کو سرکاری ذرائع سے منسوب کیا گیا، تاہم یہ دعوے درست نہیں ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ذرائع سے منسوب کیے جانے والے تمام ایسے بیانات غلط ہیں اور وزارت خارجہ نے اس حوالے سے کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔

ترجمان نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ جمعہ کو وزارت خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، اور اس میں ایسے نکات شامل کر دیے گئے جن پر نہ گفتگو ہوئی اور نہ ہی کوئی اشارہ دیا گیا تھا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی حساس صورتحال کے باعث ذمہ دارانہ صحافت اور محتاط سفارت کاری کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، اور میڈیا پلیٹ فارمز کو چاہیے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور مستند معلومات کے لیے صرف سرکاری بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں غیر مصدقہ خبروں کا پھیلاؤ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے، اس لیے ذمہ داری کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close