سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنیوالوں کے گرد ایف بی آر کی جانب سے گھیرا تنگ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کے لیے متحرک ہو گیا ہے اور اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق سوشل میڈیا سے آمدن پر ٹیکس کے حصول کا طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا کے متعلقین اور ماہرین سے ایک ہفتے کے اندر تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ ایک ہفتے بعد ٹیکس وصولی کا حتمی طریقہ کار طے کر دیا جائے گا۔

ایف بی آر نے کہا کہ مقررہ مدت میں موصول ہونے والے اعتراضات اور تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا، اور سوشل میڈیا سے آمدن پر ٹیکس کے لیے خصوصی طریقہ کار شق 99 سی کے تحت لاگو کیا جائے گا۔ اس میں پاکستان میں دیکھے جانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انکم ٹیکس وصولی کا طریقہ کار شامل کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق پاکستان سے ویورشپ اور سبسکرائبرز سے آمدنی لینے والے غیر رہائشی بھی انکم ٹیکس کے تابع ہوں گے۔ ایک مالی سال میں 50 ہزار ویوز والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو کاروبار تصور کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک سہ ماہی میں 12 ہزار 500 ویوز کو بھی کاروبار تصور کر کے ٹیکس لیا جائے گا، جبکہ یوٹیوب پر ہر 1000 ویوز پر آمدن 195 روپے کے طور پر شمار کرنے کی تجویز ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close