الیکشن ٹربیونل کی جانب سے عطا تارڑ کی انتخابی کامیابی درست قرار

لاہور کے الیکشن ٹریبونل کے جج رانا زاہد محمود نے تحریک انصاف کے رہنما ظہیر عباس کھوکھر کی درخواست پر سماعت کی، جس میں انہوں نے حلقہ این اے 127 سے عطاءاللہ تارڑ کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ این اے 127 سے عطاءاللہ تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مزید مؤقف اپنایا کہ حلقے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی اور اس کے واضح ثبوت موجود ہیں، اسی بنیاد پر عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

دوران سماعت وفاقی وزیر اطلاعات اور عطاءاللہ تارڑ کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست ہی قابل سماعت نہیں ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پٹیشن کے ساتھ منسلک دستاویزات مصدقہ نہیں ہیں اور پٹیشن دائر کرنے کے وقت قواعد و ضوابط بھی پورے نہیں کیے گئے، لہٰذا اس پٹیشن پر مزید کارروائی ممکن نہیں، اس لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دی جائے۔

تمام دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹریبونل کے جج رانا زاہد محمود نے فیصلہ سناتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ کی کامیابی کو درست قرار دیا اور ظہیر عباس کھوکھر کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close