حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے منی لانڈرنگ کیس میں ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر عبوری ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ نے بحال کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں مطلوب ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال کرتے ہوئے انہیں حکم دیا کہ ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جائیں۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی اپنے وکیل، معروف قانون دان نعیم بخاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ سماعت کے دوران وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ اس سے قبل تین بار ٹرائل کورٹ میں پیش ہو چکی ہیں، تاہم ایک بار عدم پیشی پر تین روز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا گیا تھا، جسے قبول نہ کرتے ہوئے عدالت نے ان کی ضمانت خارج کر دی تھی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ دوبارہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔
ساتھ ہی عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت دی کہ کیس کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرے اور مچلکوں کے عوض گرفتاری سے روک دے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی وفاقی تحقیقاتی ادارے کی نظر میں منی لانڈرنگ کے ایک ہائی پروفائل کیس میں مطلوب ہیں، جس میں ان پر بیرونِ ملک بھاری رقوم منتقل کرنے کے الزامات ہیں۔ ٹرائل کورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخی کے بعد انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں سے انہیں عارضی ریلیف مل گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






