پاکستان کے مزید 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس بات کا اعلان نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی سینیٹر مارکو روبیو، ایرانی وزیر خارجہ اور اسٹو وٹکوف کو بھی ٹیگ کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی پرچم بردار روزانہ دو بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز عبور کرنے کی اجازت حاصل کریں گے۔ انہوں نے اس اقدام کو خوش آئند، تعمیری اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ بحری جہازوں کی آمد و رفت کی اجازت خطے میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوگی اور ایران کا یہ مثبت اعلان امن کی جانب ایک بامعنی قدم ہے جو مشترکہ کوششوں کو تقویت دے گا۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر زور دیا کہ مذاکرات، سفارت کاری اور اعتماد سازی کے اقدامات ہی ترقی اور استحکام کی جانب آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close