سستے پیٹرول کی اسکیم! موٹر سائیکل سواروں کے لئے بڑی خبر

حکومت نے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی اسکیم پر غور شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو ریلیف دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر تقریباً 300 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ خزانہ نے چاروں صوبوں سے مالی تعاون طلب کیا ہے اور تجویز دی ہے کہ صوبے اپنے بجٹ سے 154 ارب روپے مختص کریں تاکہ عام آدمی پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

حکومت کے زیرِ غور دو اہم آپشنز ہیں۔ پہلے آپشن کے تحت عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ براہِ راست صارفین پر منتقل کیا جائے، جبکہ دوسرے آپشن میں دو اور تین پہیہ گاڑیوں، یعنی موٹر سائیکلوں اور رکشوں، کو محدود مقدار میں سستا ایندھن فراہم کیا جائے۔ اس تجویز کے مطابق موٹر سائیکلوں کو ماہانہ 20 لیٹر اور رکشوں کو 30 لیٹر تک سبسڈی دی جا سکتی ہے۔

اس مجوزہ اسکیم کے لیے ابتدائی طور پر 6 ہفتوں کے دوران تقریباً 300 ارب روپے درکار ہوں گے۔ حتمی فیصلے کے لیے صدرِ مملکت، وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں ایندھن کے موجودہ ذخائر مئی کے پہلے ہفتے تک گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close