قاسم خان کا یورپی یونین میں خطاب، سلمان اکرم راجہ کا موقف بھی آگیا

پشاور: سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا بیٹا قاسم خان پاکستان کی جنگ لڑ رہا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کارکنوں سے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ آپ جیتیں گے، ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور جنگ ہمیشہ انصاف کی ہوتی ہے، پاکستان میں ملازمیتیں ختم ہو رہی ہیں بے جبکہ روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے پاکستان کو بلندی کی طرف لے کر جانا ہے، پی ٹی آئی کے جو ساتھی جیلوں میں ہیں ان کے ساتھ ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سربراہی میں ایک خاندان کی طرح ہیں، ہم نے اپنے ووٹ اور بڑوں کا احترام کرنا ہے، پرامن جدوجہد سے فتح اور کامیابی جلد ہماری ہوگی۔

دو روز قبل قاسم خان نے یورپی یونین سے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ عمران خان کے بیٹے نے یہ مطالبہ بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنما نسیم بلوچ کے ساتھ مل کر کیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یورپی یونین پاکستان کو حاصل یہ خصوصی درجہ ختم کرے۔

قاسم خان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد عمران خان جیل میں ہیں۔

عمران خان کے بیٹے کے اس مطالبے پر سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور اسے قومی مفادات کے منافی قرار دیا گیا۔

ماہرین کے مطابق جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم ہونے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات شدید خطرے میں پڑ جائیں گی کیونکہ اس اسٹیٹس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں خصوصی رسائی حاصل ہے۔

اگر یہ مطالبہ پورا ہوا تو پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگی۔ ٹیکسٹائل سیکٹر میں بحران پیدا ہونے سے ملک میں بیروزگاری بڑھے گی کیونکہ اس شعبے سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ذاتی یا سیاسی بنیادوں پر پاکستان مخالف مہم ملک کیلیے معاشی طور پر انتہائی نقصان دہ ہے اور اس سے عالمی سطح پر ملک کا تشخص متاثر ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close